مینگلور28 / جولائی (ایس او نیوز) جنوبی کینرا ضلع میں اخلاقی پولیس گری کے نام پر ہورہی غندہ گردی کی انتہا اس وقت ہوگئی جب جمعرات کی شب شہر سے 29 کلو میٹر دور بی سی روڈ پر این آئی اے سے وابستہ ایک پولیس افسر کو مسلم سمجھ کردو غنڈوں نے اُس پرحملہ کردیا۔ پولس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دونوں غنڈوں نے یہ سمجھا کہ آفسرمسلم ہے مگر اس کے ساتھ اُس کی بیوی اور بہن غیرمسلم ہیں، این آئی اے افسر پرحملہ کرنے کے ساتھ ساتھ غنڈوں نے اس کی بیوی کےساتھ چھیڑچھاڑ بھی کی۔ اس ضمن میں پولیس نے شکایت موصول ہوتے ہی فوری کاروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتارکرلیا جن کی شناخت تُھمبے کے رہائشی منجوناتھ اچاریہ اور منیش پجاری کے طور پر کی گئی ہے۔
بی جے پی ورکرپروین نیٹارومرڈر کیس کی تحقیقات میں شامل این آئی اے کا افسر کمار کی طرف سے پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت کے مطابق جب کل رات کے وقت ہوٹل میں کھانا کھا کر وہ اپنی بیوی اور بڑی بہن کے ساتھ پولیس کوارٹرس کی طرف جا رہا تھا تو ملزمین نے اس کا پیچھا کیا اور اس سے الجھ پڑے کہ وہ ہندو لڑکیوں کو کہاں لے جا رہا ہے۔ کمار کی طرف سے اپنی شناخت بتانے اورحقیقت واضح کرنے کے باوجود وہ لوگ نہیں مانے اور اس پر حملہ کردیا۔ اس دوران جب اس کی بیوی بیچ بچاو کے لئے آگے بڑھی تو انہوں نے اس کی بیوی کے ساتھ بھی بدتمیزی کی اورجنسی چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی۔
کمار کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور منیش اور منجو ناتھ نامی دونوں ملزمین کو گرفتارکرلیا گیا۔